ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کنداپور تعلقہ کے گنگولی میں تالاب میں ڈوبنے سے لڑکا ہلاک ....کرائم کی مختصرخبروں پر ایک نظر

کنداپور تعلقہ کے گنگولی میں تالاب میں ڈوبنے سے لڑکا ہلاک ....کرائم کی مختصرخبروں پر ایک نظر

Thu, 28 Jul 2016 00:54:26  SO Admin   S.O. News Service

کنداپور27؍جولائی (ایس او نیوز) تعلقہ کے گنگولی کے شری ویریشور مندر کے قریب کھیلتے ہوئے سرفراز نامی ایک 14سالہ لڑکا مندر کے تالاب میں ڈوب کر ہلاک ہونے کی واردات پیش آئی ہے۔ موصولہ تفصیلات کے مطابق سرفراز اور ابو صالح نامی دو لڑکے دوپہر کے وقت مندر کے قریب کھیل رہے تھے۔ سرفراز جو تالاب کے کنارے بیٹھا تھا حادثاتی طور پر پانی میں گر گیا۔ لیکن اس کا دوست ابو صالح جس کے تعلق سے بتایا گیا ہے کہ وہ ذہنی طور پر بیمار ہے، اپنے کھیل میں مشغول رہا اور سرفراز کے تالاب میں گرنے کی بات کسی کو بھی نہیں بتائی۔البتہ حیرت کی بات یہ ہے کہ تالاب کے کنارے سے کئی لوگ گزرتے رہے مگر بدقسمتی سے کسی کو بھی سرفراز کے بارے میں پتہ نہیں چلا۔

جب کافی دیر تک سرفراز گھرنہیں لوٹا تو گھر والوں نے اس کی تلاش شروع کی۔ تالاب کے کنارے بیٹھے ہوئے ابوصالح سے جب اس کے بارے میں پوچھا گیا تو اس وقت اس نے سرفراز کے تالاب میں ڈوبنے کی بات بتائی۔ فوری طور پر مقامی لوگوں نے سرفراز کو تالاب سے نکال کر کنداپور اسپتال منتقل کیا ، مگر اس وقت تک اس کی موت واقع ہوچکی تھی۔ پتہ چلا ہے کہ مہلوک سرفراز مرگی کی بیماری کا شکار تھا اور اس نے اسکول جانا ترک کیا ہوا تھا۔

عوام کا الزام ہے کہ تالاب کے پاس سے لوگوں کے آنے جانے کا راستہ موجود ہونے کے باوجود مندر کے اس تالاب کے اطراف کوئی حفاظتی دیوار یا باڑھ نہیں ہے۔ اور اس طرف توجہ دلانے کے بعد بھی مقامی انتظامیہ نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی ہے۔ اور گزشتہ حکومت کے دوران اس تالاب کوبہتر بنانے کے لئے جو امداد ی فنڈ جاری ہوا تھا اس کا بھی استعمال نہیں کیا گیا ہے۔

گنگولی پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔

کنویں میں گر کر خاتون ہلاک

اُپن انگڈی27؍جولائی (ایس او نیوز)ریکھیا نامی گاوں نیلمڈی کے مقام پر شوبھا نامی ایک غیر شادی شدہ 40سالہ عورت گھر کے پچھواڑے میں واقع کنویں میں گر کر ہلاک ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پچھلے کچھ برسوں سے شوبھا کا ذہنی توازن بگڑا ہوا تھا۔صبح کے وقت وہ کنویں میں گر گئی تھی اور کچھ دیربعد پڑوس میں رہنے والے اس کے رشتے داروں کے علم میں یہ بات آئی ۔ لیکن اسے کنویں سے نکالنے سے پہلے ہی اس کی موت واقع ہوچکی تھی۔دھرمستلا پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔

پٹرول بنک کے بیت الخلاء میں ٹینکر ڈرائیور کی موت

اُپن انگڈی27؍جولائی (ایس او نیوز) شیراڈی گرام کے اڈّولے نامی مقام پر پٹرول بنک پر رات کے وقت تملناڈو کے سیلم سے تعلق رکھنے والے اودئے شیلن نامی ایک ٹینکر ڈرائیور نے اپنا آئیل ٹینکر پارک کیا تھاجو سیلم مروگن آئیل کارپوریشن کی ملکیت تھا۔ اس کے ساتھ تنگا دورائے نامی اس کاساتھی ڈرائیور بھی تھا۔

بتایا گیا ہے کہ رات کے کسی وقت اودئے شیلن حاجت سے فارغ ہونے کے لئے پٹرول بنک کے بیت الخلاء گیاتھا۔ صبح بیت الخلاء میں بیٹھی ہوئی پوزیشن میں اس کی لاش بر آمد ہوئی ہے۔ گمان ہے کہ بیت الخلا ء میں ہی اس پر دل کا دورہ پڑاہوگا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی ۔

درخت سے کارٹکرانے کے نتیجے میں نوجوان کی موت

منگلورو27؍جولائی (ایس او نیوز) بجپے پولیس اسٹیشن کے حدود میں دھومچڈاو نامی مقام پر تیز رفتار کار درخت سے ٹکرانے کے نتیجے میں جوکٹّو کے باشندے محمد منیر (۳۲ سال) کی موت واقع ہوگئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مہلوک محمد منیرموڈوبیدری سے جوکٹّو کی طرف آرہا تھا کہ اس کی کاربے قابو ہوکر حادثے کا شکار ہوگئی۔شدید زخمی حالت میں محمد منیر کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا مگر وہ جانبر نہیں ہوسکا۔
 


Share: